ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بم دھماکے کم ہونے کا مودی کا دعوی جھوٹا: آنند شرما

بم دھماکے کم ہونے کا مودی کا دعوی جھوٹا: آنند شرما

Thu, 02 May 2019 21:03:19    S.O. News Service

جے پور،2؍مئی (ایس او نیوز؍یو این آئی) سابق مرکزی وزیر آنند شرما نے ملک میں بم دھماکے کم ہونے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت میں 16 بڑے دہشت گردانہ حملہ ہوئے جن میں 426 جوان اور 1355 شہریوں کی موت ہوئی۔

آنند شرما نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ بی جے پی حکومت میں ملک اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے وقت کشمیر میں امن تھا اور وادی کشمیر میں سیاحت عروج پر تھی لیکن آج لوگ وہاں جانے سے خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔ نکسلی مسئلہ میں بھی اضافہ ہوا ہے اور حکومت اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ 1086 نکسلی حملوں میں 391 جوان اور 582 شہری مارے گئے۔

بے روزگاری کے مسئلے کو حل کرنے کے بجائے بڑھانے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں ساڑھے چار کروڑ روزگار کے مواقع ختم ہوئے ہیں اور آٹھ فیصد کی شرح سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ پچاس سال میں اتنا کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے گھریلو مصنوعات کی شرح میں بھی کمی کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ منموہن سنگھ سرکار کے وقت دس سال میں جی ڈی پی کی شرح چار گنا بڑھی تھی لیکن بی جے پی کی مودی حکومت میں اس میں کمی آئی ہے۔

آنند شرما نے نوٹ بندی کو مودی حکومت کا غلط فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت آنے پر نوٹ بندی کی تحقیقات کے لئے کمیشن تشکیل دی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے معیشت بگڑ گئی اور آئینی اداروں پر خطرہ ہو گیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے مودی پر ایک ریلی میں 20 سے 50 کروڑ روپے خرچ کرنے اور اشتہارات پر بے تحاشہ پیسہ خرچ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے چار ہزار کروڑ روپے صرف اشتہارات میں خرچ کیے جو بڑی ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے بجٹ سے کئی گنا زیادہ ہے۔


Share: